لاہور،23جون (اے پی پی):چیئرمین علما اتحاد کونسل علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پورا عالم اسلام اسرائیلی جارحیت کیخلاف ایران کے ساتھ کھڑا ہے،اتحاد اور وحدت وقت کی اہم ضرورت ہے،پاکستان میں اتحاد و یکجہتی کی فضا ہر سطح پر موجود ہے،بطور مسلمان اور پاکستانی ہمیں اختلافات کو پس پشت ڈال کر اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرکے اسلام کی طاقت بننا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکو یہاں ٹاؤن ہا ل میں منعقدہ اتحاد بین المسلمین کانفرنس بسلسلہ محرم الحرام سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر اتحاد بین المسلمین کانفرنس میں صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یسین ،کمشنر لاہور زید بن مقصود،سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ،آر پی او شیخوپورہ اطہراسماعیل،ڈی سی لاہور سید موسی رضا،ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر فیصل کامران،سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید سمیت پوری لاہور ڈویژن کے اضلاع جید علمااکرام،آئمہ عظام،امن کمیٹیوں کے ارکان نے شرکت کی۔ حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستانی ایک پرامن قوم ہے اور ہم نے ہمیشہ بین المذاہب ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا خیال تھا کہ وہ پاکستان کو کھنڈرات میں بدل دے گا لیکن پاکستانی قوم نے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔انہوں نے مزیدکہا کہ پاکستان اور سعودی عرب سمیت 57 اسلامی ممالک نے ایران پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کی ہے۔علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں کی پر زور مذمت کرتے ہیں،پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے، قوم کو تقسیم کرنے والے ملک و ملت کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے ایران پر اس سازش کے تحت حملہ کیا کہ عالم اسلام دو گروپوں میں تقسیم ہو جائے گا لیکن اللہ تعالی کے فضل و کرم سے اس کی یہ سازش ناکام ہو گئی،آج بھی پورا عالم اسلام ایک بند مٹھی کی طرح متحد ہے،ایران پر اسرائیلی حملے کی سب سے پہلے مذمت سعودی عرب نے کی اور پوری مسلم امہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایران کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے ایران پر حملہ کر کے پورے خطے کے امن کو داؤ پر لگا دیا ہے،ایک ماہ پہلے بھارت نے اسرائیل کے ساتھ مل کر پاکستان پر حملہ کیا،اللہ تعالی نے معرکہ حق میں پاکستان کو سرخرو کیا۔طاہر اشرفی نے کہا کہ عراق، یمن، لیبیا،لبنان اور شام کے حالات سب کے سامنے ہیں،وہاں پر اسلام کے دشمنوں نے فوج اور عوام کو آپس میں تقسیم کر کے وہاں کے دفاعی نظام کوکمزور کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ایک پر امن قوم ہے اور ہم نے ہمیشہ بین المذاہب ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور اتحاد و اتفاق کو فروغ دینا ہم سب کی قومی و دینی ذمہ داری ہے تاکہ ملک میں امن و امان کی فضا برقرار رہے۔اجلاس میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس افسران نے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی، جلوسوں کے روٹس، لائٹنگ اور دیگر انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور علما کرام کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے تمام علما اور مشائخ پر زور دیا کہ وہ عوام میں آگاہی پیدا کریں اور شرانگیز عناصر کے عزائم کو ناکام بنانے میں اپنا کردار کریں۔
اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر پنجاب بلال یاسین نے کہا ہے کہ محرم کے تقدس کے احترام اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کیلئے علما و آئمہ کا کردار روز روشن کی طرح نمایاں ہے۔لاہور ڈویژن انتظامیہ نے محرم الحرام کیلئے بہترین انتظامات کئے ہیں،بہترین ٹیم کام کر رہی ہے،یکجہتی کی سوچ سے آگے بڑھنا ہے،افواہوں پر کان نہ دھریں،فوری تصدیق کریں۔
کمشنر لاہور زید بن مقصود نے کہا کہ محراب ومنبر سے دیا جانے والا باہمی احترام کا پیغام ہی انتظامیہ کا مقصد ہے،ہمیں چا ہیے کہ اپنی صفوں میں نفاق سے بچاو کیلئے کسی بھی خبر یا اطلاع کی انتظامیہ سے تصدیق کریں اور افواہوں کی بیخ کنی کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ علما و آئمہ اتحاد بین المسلمین کے علمبردار ہیں،کسی فتنہ کو سر اٹھانے نہیں دیں گے،جلوسوں کے روٹس و مجالس کے مقامات پر ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی،قیام ِ امن اور مذہبی رواداری کا فروغ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کیلئے بھر پورسکیورٹی فراہم کی جائے گی،لاہور پولیس و انتظامیہ محرم الحرام میں قیام ِ امن کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ ساؤنڈ ایکٹ، مجالس و جلوسوں کے اوقات کار اور روٹ کی پابندی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔پولیس انتظامیہ اور منتظمین محرم مجالس و جلوسوں کیلئے رابطہ میں ہیں۔
آر پی او شیخوپورہ اطہر اسمعیل نے کہا کہ منبر و محراب سے پیغام دیں کہ محرم الحرام کی حرمت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔