عوام کے مختلف طبقات نے وفاقی بجٹ 2025-26 کو متوازن اور عوام دوست قرار دے ،دیا فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری صدر ریحان نسیم بھراڑہ

9

فیصل آباد  جون  10،  (اے پی پی):  عوام کے مختلف طبقات نے وفاقی بجٹ 2025-26 کو متوازن اور عوام دوست قرار دے دیا ہے۔ آج یہاں بجٹ ریکشن دیتے ہوئے تاجر رہنماؤں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے کہا کہ حکومت نے مشکل معاشی حالات کے باوجود تنخواہ دار طبقے کو بہت بڑا ریلیف دیا ہے۔ یہ طبقہ مہنگائی کی وجہ سے بہت پس رہا تھا۔ موجودہ بجٹ میں تجویز کردہ تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ اس طبقہ کی مالی مشکلات کو کم کرنے میں بہت بڑا کردار ادا کرے گا۔وفاقی وزیر خزانہ سینٹر محمد اورنگزیب کی طرف سے پیش کردہ 2025-26کے سالانہ بجٹ کی تجاویز سننے کے بعد میڈیا کانفرنس میں بجٹ پر ری ایکشن دیتے ہوئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا کہ حکومت نے پراپرٹی کے شعبہ ترقی کیلئے زبردست اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پراپرٹی کے شعبہ میں ٹیکس کی کمی سے امید ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اب اپنے ملک میں سرمایہ کاری کرنے کو ترجیح دیں گے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ حکومت کو صنعتی شعبہ اور ایکسپورٹ سیکٹر کی بہتری کیلئے بھی اقدامات کا اعلان کرنا چاہیے۔ انہوں نے صنعتوں کی بحالی اور پیداواری لاگت کے حوالے سے بجلی کی قیمت اور مارک اپ میں کمی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اڑان پاکستان کے تحت برآمدات کو 60۔ ارب ڈالر تک بڑھانے کے سلسلہ میں برآمد کنندگان کیلئے حکومت کو واضح پیکیج لاناچاہیے۔ انہوں نے تنخواہوں میں اضافہ، تنخواہ دار طبقہ کیلئے ٹیکس کی شرح میں کمی اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کو سراہااورکہا کہ حکومت نے کمرشل پراپرٹی پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کر کے بہت اچھا اقدام اٹھایا ہے۔تاہم انہوں نے کہا کہ 9ہزار ٹریلین کی غیر دستاویزی سرمایہ کاری کو ملکی معیشت کا حصہ بنانے اور آئی ٹی کی برآمدات میں تیزی لانے کیلئے سرمایہ کی گردش کو بہت ضروری قرار دیا ہے۔ اس موقع پرفیصل آباد چیمبر کے سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا اور نائب صدر شاہد ممتاز باجوہ کے علاوہ چیمبر کے سابق صدور اور ایگزیکٹو ممبران بھی موجود تھے جنھوں نے صحافیوں کے ہمراہ وفاقی وزیر خزانہ سینٹر محمد اورنگزیب کی تقریر قومی اسمبلی سے براہ راست ٹی وی اسکرین پر دیکھی۔