عیدالاضحیٰ پر گرانفروشی کی روک تھام کیلئے ایکشن پلان تیار، سیکرٹری پرائس کنٹرول ڈاکٹر احسان بھٹہ کی زیر صدارت اجلاس

4

لاہور، 4 جون (اے پی پی): عید قربان کے موقع پر صوبے بھر میں گرانفروشی کے خلاف کارروائیوں کو مؤثر بنانے کے لیے حکومت پنجاب نے ایک جامع ایکشن پلان تیار کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں سیکرٹری پرائس کنٹرول اینڈ کماڈیٹیز مینجمنٹ ڈاکٹر احسان بھٹہ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری کماڈیٹیز، ڈی جی پی اے ایم آر اے، ڈی جی فوڈ/کین کمشنر کے علاوہ صوبہ بھر سے فیلڈ افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے ہدایت کی کہ محکمہ خوراک، پی اے ایم آر اے اور مارکیٹ کمیٹیوں کے افسران قیمتوں کی مانیٹرنگ کو مزید سخت کریں اور سبزی و فروٹ منڈیوں میں صفائی اور سپلائی کے انتظامات پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں کی نگرانی کے لیے ایک اسپیشل مانیٹرنگ یونٹ تشکیل دیا جائے گا۔ اس یونٹ کے تحت فیلڈ افسران اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس جیو ٹیگنگ کے ساتھ تصویری رپورٹس تیار کریں گے تاکہ حقیقی وقت کی نگرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے واضح کیا کہ مانیٹرنگ میں غفلت یا جعلسازی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی، اور تمام محکمے اس مقصد کے لیے پوری طرح متحرک رہیں-