اسلام آباد، 7 جون (اے پی پی):عیدالاضحیٰ کے پہلے روز ملک بھر میں شہریوں کی بڑی تعداد نے قبرستانوں کا رخ کیا اور اپنے مرحوم عزیز و اقارب کی قبروں پر حاضری دی۔ شہریوں نے قبروں کی صفائی کی، پھول چڑھائے اور مرحومین کی مغفرت کے لیے دعائیں مانگیں۔
قبرستانوں میں صبح سویرے ہی لوگوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا جو دن بھر جاری رہا۔ شہری قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کرتے نظر آئے۔ کئی خاندانوں نے بچوں کے ہمراہ قبرستان کا رخ کیا تاکہ نئی نسل کو اپنے مرحومین کی یاد اور احترام کی روایت سے آگاہ کیا جا سکے۔
عید جیسے خوشی کے موقع پر مرحومین کو یاد کرنا مشرقی روایات کا اہم جزو سمجھا جاتا ہے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ عید کے دن جہاں خوشیاں منائی جاتی ہیں وہیں اُن پیاروں کو بھی یاد رکھا جاتا ہے جو اب اس دنیا میں موجود نہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے بھی کئی قبرستانوں میں صفائی، پانی کی فراہمی اور سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔