لاہور، 20 جون (اے پی پی): وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ لاہور میں ویڈیو لنک کے ذریعے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری بلدیات شکیل احمد، سپیشل سیکرٹری آسیہ گل، ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی، ڈپٹی کمشنرز اور میونسپل چیف آفیسرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت عید الاضحیٰ گرینڈ صفائی آپریشن میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ایک لاکھ سے زائد ورکرز کو 10،000 روپے فی کس انعام دیا جائے گا۔ انعامی رقوم 21 اور 22 جون کو تمام تحصیلوں میں منعقدہ خصوصی تقریبات کے دوران تقسیم کی جائیں گی۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ عیدالاضحیٰ پر سخت گرمی کے باوجود صفائی کے مثالی انتظامات انہی ورکرز کی دن رات محنت کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تین روز تک آلائشیں اٹھانے والے یہ ورکرز ہمارے اصل ہیرو ہیں اور حکومت پنجاب ان کی خدمات کا بھرپور اعتراف کرتی ہے۔ تقریبات میں عوامی نمائندوں کو بھی مدعو کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ محکمہ بلدیات کی جانب سے اس حوالے سے واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں نے بتایا کہ تمام ورکرز کو انعامی رقم شفاف انداز میں بینک ڈرافٹس کی صورت میں دی جائے گی، اور کسی بھی اہل ورکر کو انعام سےمحروم نہیں رکھا جائے گا۔ یہ انعام نہ صرف ورکرز کی محنت کا اعتراف ہے بلکہ پنجاب حکومت کے ستھرا پنجاب وژن کی عملی تصویر بھی ہے۔