اسلام آباد17 جون (اے پی پی) – رکن قومی اسمبلی غلام محمد لالی نے آج قومی اسمبلی میں بجٹ 2025-26 پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ زراعت پاکستان کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور اس شعبے کو درپیش مسائل کے حل کے لیے حکومت کو مزید مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو ان کی اجناس کی بہتر قیمتیں ملنی چاہئیں تاکہ زرعی شعبہ ملکی معیشت میں اپنا فعال کردار ادا کر سکے۔
غلام محمد لالی نے اپنے حلقے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ سرگودھا-فیصل آباد روڈ کی دو رویہ تعمیر ان کا دیرینہ مطالبہ ہے، جس پر عملدرآمد وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ علاقائی آمدورفت بہتر ہو اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے۔ انہوں نے مقامی ہسپتالوں میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا، خصوصاً امراضِ قلب جیسے حساس شعبوں میں سہولیات کی فراہمی اور بہتری پر توجہ دینے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں علاقے کی ہمہ جہت ترقی کے لیے حکومت سے مزید اقدامات کا مطالبہ کیا تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات میسر آ سکیں اور ان کا معیارِ زندگی بہتر ہو سکے۔
غلام محمد لالی نے اپنے خطاب کے اختتام پر غزہ میں فلسطینی عوام پر ہونے والے مظالم کی شدید مذمت کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ انسانی حقوق کی پامالی کو روکے اور مظلوم عوام کو انصاف فراہم کرے۔