قومی اسمبلی اجلاس میں نزہت صادق کا خطاب: موجودہ حکومت کی معاشی اصلاحات سے ترقی کی راہ ہموار ہوئی

1

اسلام آباد، 18 جون (اے پی پی) – رکن قومی اسمبلی نزہت صادق نے قومی اسمبلی میں بجٹ اجلاس 2025-26 کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کے ٹھوس اقدامات اور دور اندیش معاشی اصلاحات کے باعث ملک کی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی اشاریوں میں نمایاں بہتری آئی ہے، سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے اور پاکستان کی بین الاقوامی رینکنگ میں بھی مثبت اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے اور ترقیاتی منصوبوں میں نجی شعبے کی شمولیت کو یقینی بنایا گیا جس کے نتیجے میں معیشت کو سہارا ملا اور ملکی ترقی کے سفر میں ایک مثبت پیش رفت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ چین-پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) پاکستان کی ترقی کا ایک اہم ذریعہ ہے جسے موجودہ حکومت نے اپنی ترجیحات میں شامل کیا ہے۔

نزہت صادق نے کہا کہ ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے جنہوں نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے، اور اس سے عالمی سطح پر پاکستان کی دفاعی پوزیشن مزید مضبوط ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت اور ان کے ویژن کے باعث ملک معاشی بہتری کی جانب بڑھ رہا ہے اور ہم نے کئی اہم مسائل پر قابو پایا ہے۔

نزہت صادق نے کہا کہ حکومت پاکستان کو ایک پرامن، ترقی یافتہ اور سیاحتی مرکز بنانے کے لیے پُرعزم ہے، اور دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی اور خوشحالی کی نئی منزلیں طے کرے گا۔