قومی اسمبلی اجلاس : وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مالی سال 26-2025 کا بجٹ پیش کیا

48

اسلام آباد،10جون (اے پی پی ):اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی زیر صدارت بجٹ اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔  جس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بجٹ 26-2025 پیش کیا۔

بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اس معزز ایوان کے سامنے مالی سال 26-2025 کا بجٹ پیش کرنا میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے، اس مخلوط حکومت کا یہ دوسرا بجٹ ہے۔

 انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں اتحادی حکومت میں شامل سیاسی جماعتوں کی قیادت خصوصا میاں محمد نواز شریف ، بلاول بھٹو، خالد مقبول صدیقی، چوہدری شجاعت حسین، عبدالعلیم خان اور خالد حسین مگسی کی رہنمائی کے لیے دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ پاکستان نے دشمن کے خلاف بے مثال کامیابی حاصل کی۔ہماری  فوج نے بے مثال جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے  دشمن کو بھرپور جواب دیا۔ ہماری قوم کسی بھی مشکل سے نمٹنے کے لئے متحد ہو جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت کے مقابل ہماری سیاسی قیادت، افواج پاکستان اور پاکستان کے غیور عوام نے جس جواں مردی، دانشمندی اور یکجہتی کا ثبوت دیا، وہ تاریخ کے سنہری اوراق میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ یہ کامیابی ایک شاندار عسکری کامیابی کے علاوہ پوری قوم کے اجتماعی شعور، قومی وقار اور غیرت کا مظہر تھی، میں یہاں پر پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری افواج نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت، شجاعت اور جذبہ قربانی سے دشمن کو مؤثر اور بھر پور جواب دیا، جس سے نہ صرف ہماری سرحدوں کا دفاع ناقابلِ تسخیر بنا بلکہ عالمی برادری میں پاکستان کا وقار بھی بلند ہوا، اس عظیم کامیابی نے یہ پیغام دیا کہ پاکستانی قوم ہر آزمائش میں متحد ہے اور مادر وطن کے دفاع کے لیے سیسہ پلائی دیوار بن جاتی ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ اسی قومی عزم اور یکجہتی کو بروئے کار لاتے ہوئے اب ہماری توجہ معاشی استحکام، ترقی اور خوشحالی کے حصول کی جانب مرکوز ہے، ہم نے جس جذبے سے قومی سلامتی کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا ہے، اُسی خلوص اور حوصلے کے ساتھ ہمیں اپنی معیشت کو مستحکم اور عوام کی فلاح کو یقینی بنانا ہے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب  کا  کہنا تھا ملک میں بزنس کانفیڈنس انڈیکس میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ ملک دیر پا ترقی کے راستے پر گامزن ہے۔ اسٹیٹ بینک کے ذخائر 14 ارب ڈالر تک پہنچ  جائیں گے۔ کرنٹ اکاونٹ  ایک ارب پچاس کروڑ ڈالر سر پلس متوقع ہے۔ فچ نے ہاکستان کی  ریٹنگ کو  بڑھایا ہے۔ موڈیز نے بھی پاکستان کی معیشت میں بہتری کی نوید سنائی ہے۔ حکومت نے مہنگائی پر قابو پانے کے لئے اقدامات کیے ہیں۔ معاشی بہتری کے لئے حکومت نے متعدد اقدامات کئے ہیں۔ وزیر اعظم کی رہنمائی میں ایف بی آر میں اصلاحات کا آغاز کیا ہے۔ ہماری حکومت میں زر مبادلہ زخائر میں 2  ارب ڈالر کا  اضافہ ہوا ہے۔ آئی پی پی پیز کے ساتھ معاہدوں میں نظر ثانی کی گئی ہے۔ ٹیکس محاصل 45 ارب سے بڑھ کے 105 ارب تک پہنچ گئے ہیں۔ افراط زر میں کمی ہوئی ہے۔ امید ہے ترسیلات زر  کا حجم 37  سے 38 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا۔