اسلام آباد، 27 جون (اے پی پی): سینیٹ کی مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی سے متعلق ذیلی کمیٹی کا اجلاس آج پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئرمین سینیٹر عون عباس بپی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں حج انتظامات اور متاثرہ عازمین کو واجب الادا رقوم کی واپسی سمیت مختلف امور پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں سینیٹر بشرٰی انجم بٹ، سینیٹر دانش کمار، وزارت مذہبی امور کے اعلیٰ حکام، اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران حج سے محروم رہ جانے والے عازمین کے مسائل اور نجی حج آپریٹرز کی کارکردگی زیر بحث آئی۔
اجلاس میں کمیٹی نے وزارت کو ہدایت کی کہ متاثرہ عازمین کو بغیر کسی کٹوتی کے مکمل رقم واپس کی جائے اور اس عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔