اسلام آباد ،09 جون (اے پی پی ):ملک کاتجارتی خسارہ مالی سال کے پہلے 10ماہ میں 21.3ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ۔قومی اقتصادی سروے کے مطابق جولائی سے اپریل تک پاکستان کا تجارتی خسارہ 21.3ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں18ارب ڈالرتھا،مالی سال کے پہلے 10ماہ میں ملکی برآمدات میں اضافہ کی شرح 6.8فیصدریکارڈکی گئی جبکہ اس کے برعکس درآمدات میں 11.8فیصداضافہ ہوا۔خدمات کے شعبہ کا تجارتی خسارہ 2.5ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جس میں درآمدات میں 9.3فیصداور برآمدات میں 7.9فیصداضافہ ہوا ہے۔ سروے کے مطابق ٹیکسٹائل کے شعبے میں جولائی تا اپریل برآمدات میں 8.4 فیصد کا اضافہ ہوا جس کے بعد ٹیکسٹائل شعبے کی برآمدات 14.8 ارب ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ اقتصادی سروے کے اعدادوشمار کے مطابق تمباکو کی برآمدات میں 143.1 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ ٹینٹ ، کینوس کی برآمدات میں 11.7 فیصد جبکہ بیڈ وئیرز کی برآمدات میں 12.2 فیصد کا اضافہ ہوا۔











