لاہور، 19 جون (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں نشتر میڈیکل یونیورسٹی کا 17 واں سینڈیکیٹ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں متعدد اہم امور پر مشاورت اور منظوری دی گئی۔
اجلاس میں نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے 16ویں سینڈیکیٹ اجلاس کے منٹس کی منظوری دی گئی۔ ساتھ ہی بی ایس ٹیکنالوجی پروگرامز اور نشستوں میں اضافے، ایم ڈی، ایم ایس اور ایچ این ڈی پروگرامز کے نصاب، اور امتحانی شعبے کی توسیع کی بھی منظوری دی گئی۔
ڈاکٹر سید احمر حسین کو رجسٹرار یونیورسٹی کا اضافی چارج، جبکہ پروفیسر مسعود الراوف کو سرجری اینڈ الائیڈ ڈیپارٹمنٹ کے بطور ڈین تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ ڈائبٹیز پروگرام میں ڈپلومہ شروع کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب بھر کی طبی درسگاہوں کے معاملات کو بہتر بنانے کے لیے یکساں پالیسی مرتب کی جا رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سرکاری اسپتالوں میں ادویات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا رہا اور عوام کے ٹیکسوں سے چلنے والے اسپتالوں کو اعلیٰ معیار کی علاج گاہیں بنایا جائے گا۔
خواجہ سلمان رفیق نے مزید کہا کہ طبی درسگاہوں میں معیاری تحقیق کو فروغ دینے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے اور سینڈیکیٹ اجلاسوں کو باقاعدگی سے منعقد کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹریز امیر محمد، سدرہ سلیم اور ڈائریکٹر بجٹ اینڈ اکاؤنٹس حماد الرب نے شرکت کی، جبکہ ویڈیو لنک کے ذریعے رکن پنجاب اسمبلی رانا عبدالمنان ساجد، وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر مہناز خاکوانی، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز، محمد عثمان طاہر سمیت مختلف محکموں کے افسران و سینڈیکیٹ ممبران شریک ہوئے۔











