معیشت کی ڈیجیٹائیزیشن حکومت کی اصلاحات کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،وزیرِ اعظم شہباز شریف

1

اسلام آباد،18 جون (اے پی پی): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے  کہا ہے کہ معیشت کی ڈیجیٹائیزیشن حکومت کی اصلاحات کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

غیر رسمی معیشت کے خاتمے، شفافیت کے فروغ اور کیش لیس و ڈیجیٹل اکانومی کے حوالے سے اقدامات پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ غیر رسمی معیشت کے خاتمے اور شفافیت کیلئے کیش لیس خریداری و رقوم کی منتقلی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں جبکہ  وفاقی بجٹ میں  بھی کیش لیس اکانومی کے فروغ کیلئے اقدامات تجویز کئے گئے ہیں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پالیسی اقدامات سے ڈیجیٹل ادائیگیوں اور رقوم کی ڈیجیٹل منتقلی کی حوصلہ افزائی کی جائے۔رمضان المبارک میں شفاف، مؤثر اور بہترین طور سے حقداروں کو ڈیجیٹل والٹ سے رقم کی منتقلی یقینی بنائی گئی۔ڈیجیٹل والٹ سے رقوم کی منتقلی سے حقدار کو اس کا حق ملا اور بغیر کسی انسانی مداخلت کے شفاف طریقے سے امدادی رقم تقسیم ہوئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کی بہتری کی بدولت مہنگائی کی شرح میں کمی، ترسیلات زر میں اضافہ ہوا،اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار میں تیزی،سرمایہ داروں کے حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔

وزیرِ اعظم نے کیش لیس اکانومی کے فروغ اور ڈیجیٹائیزیشن کو تیز کرنے کیلئے اعلیٰ سطح کمیٹی قائم کردی جس کی صدارت وزیرِ اعظم خود کریں گے ،کمیٹی ہفتہ وار اجلاس میں معیشت کی ڈیجیٹائیزیشن اور کیش لیس اکانومی کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لےگی۔