ممبر قومی اسمبلی عمار احمد خان لغاری کا قومی اسمبلی میں بجٹ اجلاس 2025 26 میں اظہار خیال

3

اسلام آباد، 19جون(اے پی پی):ممبر قومی اسمبلی عمار احمد خان لغاری نے جمعرات کو قومی اسمبلی میں بجٹ اجلاس 2025-26 کے موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف، وزیر خزانہ اور ان کی پوری اقتصادی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ میں مہنگائی میں کمی، شرح سود میں کمی، پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) کے تحت جاری تمام منصوبوں، جی ڈی پی گروتھ کے اہداف، روزگار میں اضافے اور آبی ذخائر کے لیے متعارف کرائے گئے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کچھ شعبے ایسے بھی ہیں جن میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے اور ان پر سنجیدگی سے غور کیا جانا چاہیے۔ عمار لغاری نے سیٹلائٹ انٹرنیٹ کے شعبے میں مسابقتی ماحول پیدا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ملک میں ڈیجیٹل ترقی کی رفتار میں اضافہ ہوگا۔

آئی ٹی انڈسٹری سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فری لانسرز کی تعداد بڑھانے اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے اقدامات کیے جانے چاہییں۔ اس ضمن میں وکیشنل ٹریننگ اور جدید آئی ٹی کورسز کا انعقاد ضروری ہے تاکہ نوجوانوں کو ہنرمند بنا کر شعبہ آئی ٹی کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

عمار احمد لغاری نے ماحولیاتی فنانسنگ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس شعبے میں بہتری کی وسیع گنجائش موجود ہے اور کلائمیٹ ریزیلینس منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت معیشت کو مستحکم بنانے کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے اور اس سمت میں پیش رفت قابلِ تعریف ہے۔