ممبر قومی اسمبلی محمود بشیر ورک کی اے پی پی سے گفتگو: “موجودہ بجٹ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی سنجیدہ کوشش ہے”

1

اسلام آباد، 26 جون(اے پی پی): رکن قومی اسمبلی محمود بشیر ورک نے کہا ہے کہ پاکستان کے موجودہ جغرافیائی، سیاسی اور معاشی حالات کے تناظر میں پیش کیا گیا بجٹ ایک متوازن اور عوام دوست بجٹ ہے، جس میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات قومی اسمبلی میں پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہمیشہ سے حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل رہا ہے اور موجودہ بجٹ اس کا عملی مظہر ہے، جس میں مختلف شعبہ جات کی ترقی کے لیے خصوصی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔

محمود بشیر ورک نے افواج پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمارا فخر ہیں اور انہی کی بدولت پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر بنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جس ملک کی افواج اور دفاعی ادارے مضبوط ہوں،اسی ملک کی بقا اور سالمیت محفوظ رہتی ہے، اور ہمیں اس پہلو کو اپنی اولین ترجیح بنانا چاہیے۔