اسلام آباد، 24 جون 2025 (اے پی پی(:ممبر قومی اسمبلی ملک محمد عامر ڈوگر نے آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ افواجِ پاکستان قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنی فوج اور دفاعی صلاحیتوں پر فخر ہے، اور جس انداز سے پاکستان نے اپنے دشمن بھارت کے دانت کھٹے کیے، وہ قابلِ تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو صرف دفاعی لحاظ سے نہیں بلکہ صحت، تعلیم اور انسانی ترقی جیسے اہم شعبوں میں بھی آگے بڑھنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان تمام شعبوں کی ترقی کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کرنا ہوں گے۔
ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ آج دنیا سائبر جنگوں کے دور میں داخل ہو چکی ہے، اور اس پس منظر میں ایئر فورس کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے ایئر فورس کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جس طرح پاک فضائیہ نے ملک کا سر فخر سے بلند کیا ہے، اس کی کیپیبلٹی اور کپیسٹی میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملتان ایک بین الاقوامی ہوائی اڈہ رکھتا ہے جو پورے گلف ریجن کو کور کرتا ہے، لہٰذا وہاں سے پی آئی اے کی اسلام آباد سمیت دیگر شہروں اور بین الاقوامی روٹس پر پروازیں چلائی جائیں تاکہ ہماری قومی ایئر لائن پی ائی اے ترقی اور استحکام کے راستے پر چل سکے۔