اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وجیہہ قمر نے ایک متفقہ قومی امن کے بیانیہ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے نوجوانوں سے کہا ہے کہ وہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو ملک اور معاشرے کی تعمیر و ترقی کے لیے استعمال کریں، نفرتوں کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور سیاسی تفریق سے بالاتر ہو کر ملک کے لیے کام کریں۔
بدھ کو وہ نیشنل سکلز یونیورسٹی میں فائونڈیشن فار ایجوکیشن اینڈ اویٔرنیس کے زیراہتمام نیشنل پیس فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ پیس فیسٹیول میں ملک بھر سے ڈیڑھ سو سے زائد نوجوان شرکت کر رہے ہیں جن کا مقصد تمام تفرقات سے بالاتر ہو کر امن کو فروغ دینا ہے، یہ فیسٹیول 20 جون تک جاری رہے گا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وجیہہ قمر نے کہا کہ ہم سب کو ایک قومی امن بیانیہ کو فروغ دینے کے لیے متحرک ہونا چاہئے جو کہ سیاسی تقسیم سے بالاتر ہو کر ملک میں امن اور یکجہتی کے لیے کام کرے۔ انہوں نے کہا کہ امن صرف تنازعات کی عدم موجودگی سے نہیں آتا بلکہ انصاف، ہمدردی اور مشترکہ اقدامات کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔
وزیر مملکت نے نوجوان رہنمائوں پر زور دیا کہ وہ ہر طرح کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو تعمیری اور مثبت سوچ کے فروغ کے لیے استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر غلط اور من گھڑت معلومات سے بہت سے مسائل پیدا ہوتے ہیں اور بہت سی چیزوں کو غیرضروری طور پر بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے جس سے قومی یکجہتی کو نقصان پہنچتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن اور رواداری کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے ہمیں ان غلط معلومات کا مقابلہ کرنا ہوگا۔
اس موقع پر فائونڈیشن فار ایجوکیشن اینڈ اویٔرنیس کے چیئرپرسن سیّد علی حمید نے جامع امن کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی امن فیسٹیول جیسی سرگرمیوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہم امن چاہتے ہیں اور وہ نوجوانوں کی امن کے حصول کے لیے رہنمائی کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک مسلسل سفر ہے اور ہمیں اس کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو ساتھ ملانا ہوگا۔
نیشنل سکلز یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد مختار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن کا جذبہ انسان کے اندر پایا جاتا ہے، باہمی تعلقات، افہام و تفہیم اور عدم تشدد جیسے جذبات کو فروغ دے کر ہم معاشرے کو پرامن بنانے میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔
یو این او ڈی سی کے مشیر ڈاکٹر ارسلان زیدی نے تعمیر و ترقی کے لیے نوجوانوں کے کردار اور اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اس فیسٹیول میں بہت سی
سرگرمیوں کو شامل کیا گیا ہے جن کا مقصد نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف مائل کرنا ہے۔