وزارت داخلہ کے تمام ذیلی اداروں کے مابین باہمی تعاون بڑھانے کا فیصلہ

6

اسلام آباد،11 جون(اے پی پی ): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت وزارت داخلہ میں اہم اجلاس  منعقد ہوا۔جس میں وزارت داخلہ کے تمام ذیلی اداروں کے درمیان باہمی تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ادارے ایک دوسرے کی استعداد کار سے  بھر پور فائدہ اٹھائیں اور عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کریں،  انفارمیشن اور ڈیٹا کا بروقت تبادلہ انتہائی اہم ہےاور تمام ذیلی اداروں کے مابین باہمی تعاون انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف اداروں کے بیرون ملک سفارت خانوں میں تعینات افسران وزارت کے دیگر اداروں کو بھی معاونت فراہم کر سکتے ہیں،  تمام اداروں کی افرادی قوت سے بھرپور استفادہ کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ  باہمی کوآرڈینیشن بہتر ہونے  سے عوام کے ساتھ حکومت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ تربیتی کورسز میں صرف میرٹ پر پورا اترنے والے  افسران کو نامزد کیا جائے تاکہ متعلقہ افسران کی استعداد کار میں اضافہ ہوا۔وزیر داخلہ محسن نقوی کی تمام اداروں کو اس سلسلے میں اپنی سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کیں۔

  سیکرٹری داخلہ کو  سفارشات کے تناظر میں جامع پلان مرتب کرنے کی ہدایات دیں۔

 وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹریز . نادرا،اینٹی نارکوٹکس کنٹرول ، ایف آئی اے، فرنٹیئر کور،فرنٹیئر کانسٹیبلری، رینجرز، نیشنل پولیس اکیڈمی، نیشنل پولیس بیورو، پاسپورٹ اینڈ امیگریشن، نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی، اسلام آباد پولیس کے سربراہان اجلاس میں شریک ہوئے۔