اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دانش سکولوں اور یونیورسٹی کے منصوبوں میں عالمی معیار سے ہم آہنگ تعلیمی سہولیات فراہم کرنے، بین الاقوامی معیار کی ڈیجیٹل لائیبریری قائم کرنے اورتربیت یافتہ اساتذہ اور افرادی قوت کو میرٹ پر بھرتی کرنے کی ہدایات دی ہیں۔بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت دانش سکولوں اور دانش یونیورسٹی کی تعمیر کی پیشرفت پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دانش سکولوں اور یونیورسٹی کے منصوبوں میں عالمی معیار سے ہم آہنگ تعلیمی سہولیات فراہم کرنے ، ان منصوبوں میں بین الاقوامی معیار کی ڈیجیٹل لائیبریری قائم کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ تمام دانش سکولوں میں عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق سمارٹ بورڈز، ای لائبریری اور دیگر جدید سہولیات فراہم کی جائیں،وزیراعظم نے دانش سکول اور یونیورسٹی منصوبوں میں شفافیت اور اعلیٰ معیار کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے یہ بھی ہدایت کی کہ تمام دانش سکولوں اور یونیورسٹی میں تربیت یافتہ اساتذہ اور افرادی قوت کو میرٹ پر بھرتی کیا جائے۔ وزیراعظم نے دانش سکولوں میں معاشی طور پر کمزور بچوں کے لیے زیادہ سے زیادہ داخلوں کے مواقع فراہم کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں معاشی طور پر کمزور و محروم طبقات کے بچوں میں ہنر اور صلاحیتوں کی بنیاد پر عالمی سطح پر اپنا لوہا منوانے کی لا محدود استعداد ہے، معاشی طور پر کمزور بچوں کو یکساں تعلیم و ترقی کے مواقع فراہم کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ الحمد للہ یکساں تعلیم و ترقی کے مواقع فراہم کرکے معاشرے میں طبقاتی فرق کو ختم کرنے اور ملکی تعمیر و ترقی میں معاشی طور پر کمزور بچوں کو اپنا کردار ادا کیلئے موجودہ دانش سکول اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔قوم کے ان بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ اس موقع پر بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ بلوچستان کے علاقوں سبی، ژوب، موسیٰ خیل، مہتر زئی اور ڈیرہ بگٹی میں 5 دانش سکول بنائے جائیں گے، کراچی اور چترال میں دانش سکول کی تعمیر کے عمل کا آغاز ہو چکا ہے۔ بریفنگ کے دوران یہ بھی بتایا گیاکہ کری اسلام آباد میں دانش سکول کی تعمیر رواں برس میں مکمل ہو جائے گی۔ گلگت بلتستان میں سلطان آباد، شگر اور استور میں دانش سکولوں کے منصوبوں پر بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ آزاد جموں و کشمیر میں بھمبر اور شاردہ میں دانش سکولوں کی تعمیر پر کام جاری ہے جبکہ باغ میں دانش سکول کی تعمیر پر کام جلد شروع کر دیا جائے گا، ملک بھر کے دانش سکولوں میں صوبہ پنجاب میں قائم دانش سکولوں کی طرز پر میرٹ پر بھرتیاں اور معقول تنخواہ دی جائے گی، دانش سکولز اتھارٹی ایکٹ کا مسودہ تیار ہے اور جلد حکومت سے منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔چین اور ترکیہ میں منعقدہ روڈ شوز میں پاکستان میں دانش یونیورسٹی کی تعمیر میں متعدد بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی جانب سے دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے۔اجلاس میں وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی ڈاکٹر احسن اقبال، وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔