وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) کے امور اور پیشہ ورانہ تربیت کے حوالے سے اجلاس

1

اسلام آباد ، 18جون ( اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ  کمیشن (نیوٹیک) کے امور اور  پیشہ ورانہ تربیت کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں  وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بھر میں وفاقی اور صوبائی پیشہ ورانہ اداروں میں دی جانے والی تربیت کو بین الاقومی معیار کا  بنایا جائے تاکہ نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار تلاش کرنے میں آسانی ہو ۔بین الاقوامی معیار کی تربیت سے ہماری افرادی قوت کی بیرون ملک کھپت بڑھے گی اور زر مبادلہ میں اضافہ ہوگا ،تمام تربیتی اداروں کی بین الاقوامی ایکریڈٹیشن کروائی جائے۔ اس موقع پر وزیر اعظم کو پیشہ ورانہ تربیت کے حوالے سے لئے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

بریفننگ میں بتایا گیا کہ نیوٹیک نے ملک بھر میں وفاقی اور صوبائی تربیتی اداروں کی میپنگ کرلی ہے ۔نیوٹیک کے نیشنل ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ ڈیٹا مینجمنٹ سسٹم کا آغاز فعال ہو چکا ہے۔پبلک سیکٹر کے تمام پیشہ ورانہ تربیتی پروگرامز کو نیو ٹیم کے سنگل ریگولیٹری فریم ورک کے تحت لایا جا رہا ہے اور نصاب کی اسٹینڈرڈائزیشن بھی کی جا رہی ہے ۔

نیوٹیک کے زیر انتظام 2023-24 میں دی گئی ٹریننگ کے 53 فیصد افراد کو ملازمتیں مل چکی ہیں، یہ ڈیٹا تربیت کے چھ ماہ بعد حاصل کیا گیا تھا ۔ 2020 سے 2024 تک نیوٹیک کے تحت پیشہ ورانہ تربیت حاصل کرنے والے 25 ہزار سے زائد افراد کو بیرون ملک ملازمتیں ملیں ، بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ اس سال ایک لاکھ 46 ہزار افراد کو  خدمات، سیاحت ، آئی ٹی، بینکنگ، ٹیکسٹائل اور تعمیرات کے شعبوں میں پیشہ ورانہ تربیت دی گئی شامل ہیں،  اگلے سال کا ہدف 3 لاکھ پچاس ہزار ہے۔