وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کے حوالے سے جائزہ اجلاس

1

اسلام آباد،19 جون (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس پورے خطے کے لئے بہترین طبی سہولیات اور جدید ترین طبی تحقیق کے لئے آلات سے لیس ہسپتال ہو گا۔وزیراعظم نے منصوبے کی تعمیر کے تمام مراحل میں سو فیصد شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

اجلاس کو جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کی تعمیر کے حوالےسے پیش رفت پر بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کے حوالے سے چین،ترکیہ،جنوبی کوریا اور سنگاپور میں روڈ شوز منعقد کئے گئے،ان روڈ شوز میں عالمی شہرت یافتہ کمپنیوں نے جناح میڈیکل کمپلیکس کے حوالے سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر کے حوالے سے دو کانفرنسوں کا انعقاد بھی کیا گیا جن میں 10 ممالک کی 33 کمپنیوں نے شرکت کی۔ جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر کے لئے 600 کنال اراضی کے حصول کا عمل تیزی سے جاری ہے، ماہرین/ کنسلٹنٹس کی تعیناتی  کے لئے بین الاقوامی سطح پر اشتہار دیا جا چکا ہے۔