اسلام آباد، 03 جون ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں توانائی کی پیداوار اور پانی کے وافر ذخیرے کا مؤثر نظام قائم کرنے کیلئے دیامر بھاشا ڈیم جیسے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دیامر بھاشا ڈیم اور دیگر آبی وسائل کے امور پر منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پانی ذخیرہ کرنے کی استطاعت بڑھانے، زراعت کے لئے درکار پانی کی فراہمی ، سیلاب کی روک تھام کے لئے نئے ڈیمز کی تعمیر ناگزیر ہے جبکہ ہماری معاشی خود انحصاری کا دارومدار سستی بجلی اور زراعت پر ہے جس کے لئے پانی کے سٹوریج بڑھانے اور پانی کے مؤثر استعمال کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر میں حائل تمام تر رکاوٹوں کو فوری طور پر حل کرنے اور منصوبے کی جلد از جلد تکمیل کی ہدایت کی۔











