وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان سے سوزوکی موٹرز کے منیجنگ ڈائریکٹر کی ملاقات

1

اسلام آباد – 17 جون)اے پی پی):وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے سوزوکی موٹرز کے منیجنگ ڈائریکٹر ہیروشی کاوامورا نے ملاقات کی۔ اس موقع پر بجٹ اور نئی ٹیرف پالیسی کے پاکستان کی آٹو انڈسٹری پر ممکنہ اثرات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

سوزوکی موٹرز کی جانب سے 850 سی سی سے کم چھوٹی گاڑیوں پر سیلز ٹیکس 12.5 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ کمپنی کے مطابق سیلز ٹیکس میں اضافے کا براہ راست اثر صارفین پر پڑتا ہے، جو انڈسٹری کے لیے نقصان دہ ہے۔ سوزوکی موٹرز کا کہنا تھا کہ قیمتوں میں اضافے سے نہ صرف آٹو انڈسٹری متاثر ہوگی بلکہ صارفین پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف آٹو انڈسٹری کی ترقی کے لیے پُرامید ہیں اور انڈسٹری کو درپیش چیلنجز سے مکمل طور پر آگاہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشکلات ضرور ہوں گی، تاہم ترقی کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔ ہارون اختر خان نے اس بات پر زور دیا کہ آٹو انڈسٹری نہ صرف روزگار کی فراہمی کا اہم ذریعہ ہے بلکہ مقامی مینوفیکچرنگ کی بنیاد بھی ہے۔