لاہور، 26 جون (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی شاندار کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ پنجاب میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا 600 ارب روپے کا منصوبہ صرف 70 ارب روپے میں مکمل کیا گیا، جو کفایت شعاری، شفافیت اور منصوبہ بندی کی بہترین مثال ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ اب تک 12 ہزار کلومیٹر طویل 1214 سڑکوں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے جبکہ رواں سال دسمبر تک 18,700 کلومیٹر روڈ نیٹ ورک مکمل ہو جائے گا۔ سڑکوں کی تعمیر میں 97 فیصد فنڈز کا بروقت استعمال کیا گیا، جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔ پہلی بار تعمیراتی لاگت میں اوسطاً 20 فیصد کمی لائی گئی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ صرف سڑکیں نہیں بن رہیں، بلکہ معیار کو یقینی بنانے کے لیے جدید مشینری سے ہر تعمیراتی پہلو کی جانچ بھی ہو رہی ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت 29 سڑکوں کی نشاندہی کی گئی ہے، جن میں سے 9 پر فوری کام کا آغاز ہو چکا ہے۔ روایتی ٹھیکیداری نظام کے بجائے ڈیجیٹل ٹال سسٹم متعارف کرانے پر بھی اتفاق ہوا۔ مزید بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں بلڈنگز کے 1193 منصوبے مکمل ہو چکے ہیں جن میں ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال، سملی جنرل اسپتال اور چار شہروں میں زرعی مال کی تعمیر بھی شامل ہے۔ گورنمنٹ سٹی قائداعظم انڈسٹریل پارک اور پی سی سی آئی تھری کے منصوبے بھی آخری مراحل میں ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تمام جاری روڈز منصوبے رواں مالی سال میں مکمل کرنے کی ہدایت دی۔
اجلاس میں متعدد اضلاع میں مکمل ہونے والی سڑکوں کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں جن میں لاہور، سرگودھا، بہاولپور، راجن پور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، جھنگ، ڈی جی خان، اور دیگر اضلاع شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کئی دہائیوں کے بعد پنجاب میں سڑکوں کی تعمیر پر حقیقی کام ہو رہا ہے، عوام اور ان کے نمائندے اس کارکردگی پر مطمئن ہیں۔وزیر مواصلات صہیب بھرت اور سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سہیل اشرف کی کارکردگی کو سراہا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس میں کہا کہ30 سال میں نہ بننے والی سڑکیں اب بن رہی ہیں، یہ صرف ترقی نہیں بلکہ عوامی خدمت کی ایک بڑی مثال ہے۔