لاہور، 18 جون (اے پی پی): : وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت سٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈی جی پی آر آفس لاہور میں منعقد ہوا، جس میں فیصل آباد ڈویژن کے سات شہروں میں مجوزہ ترقیاتی سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چک جھمرہ، جڑانوالہ، تاندلیانوالہ، جھنگ، کمالیہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور گوجرہ شامل ہیں۔ اجلاس میں سیکرٹری بلدیات شکیل احمد، سپیشل سیکرٹری آسیہ گل، ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی سمیت متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اور میونسپل چیف افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، جبکہ پی ایم ڈی ایف سی کے ایم ڈی سید زاہد عزیز نے وزیر بلدیات کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں سات شہروں کے لیے 48 ارب 55 کروڑ روپے مالیت کی سکیموں کی منظوری دی گئی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ “چیف منسٹر سٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام” پنجاب حکومت کا ایک منفرد اور انقلابی منصوبہ ہے، جس کا مقصد دہائیوں سے درپیش سیوریج اور اربن فلڈنگ کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہدایت کی ہے کہ شہری آبادیوں کی ضروریات کو سال 2050 تک مدنظر رکھ کر منصوبہ بندی کی جائے۔ پہلی بار صوبے میں شہروں کی ترقی کے لیے اتنی بڑی سرمایہ کاری ہو رہی ہے، جو خوش آئند ہے۔ وزیر بلدیات نے ہدایت کی کہ بغیر منصوبہ بندی کے قائم ہونے والی بستیوں کو بھی نظر انداز نہ کیا جائے، اور متعلقہ میونسپل کمیٹیاں ایسے محلوں کو اپنی حدود میں شامل کریں۔
انہوں نے واضح کیا کہ اربن فلڈنگ کی روک تھام پنجاب سٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام کا اہم جزو ہے، اور نئے مالی سال سے 61 شہروں میں اس پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ ہر شہر میں بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کے لیے ٹینکس یا پونڈنگ ایریاز بنائے جائیں گے، جبکہ ٹرنک سیور اور بائی پاس سیوریج سسٹمز کے ذریعے زیرِ زمین پانی کو آلودگی سے محفوظ رکھا جائے گا۔ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کی طرز پر دیگر شہروں کی تمام گلیاں بھی پختہ کی جائیں گی۔ اجلاس میں گوجرہ شہر کے منظور شدہ سیوریج سسٹم میں 10 کلومیٹر طویل توسیع کی بھی منظوری دی گئی۔ ذیشان رفیق نے تمام ترقیاتی کاموں کے معیار کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز خود بھی مختلف منصوبوں کا دورہ کر کے جائزہ لیں گی۔
اجلاس کے اختتام پر وزیر بلدیات کی سربراہی میں قائم سٹیئرنگ کمیٹی کو پورے منصوبے کی نگرانی کی ذمہ داری سونپی گئی،جبکہ وزیر بلدیات نے فیصل آباد ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز کی کارکردگی کو سراہا۔