وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت محرم الحرام کے دوران امن و امان یقینی بنانے کیلئے جائزہ اجلاس

3

لاہور، 27 جون (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے حوالے سے ایک اہم وڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں گجرات سے ڈپٹی کمشنر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، اے ڈی سی آر اور دیگر متعلقہ افسران نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں محرم الحرام، خصوصاً عاشورہ کے دوران سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چوہدری شافع حسین نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس افسران کو ہدایت کی کہ گزشتہ سال کی نسبت اس بار بہتر اور مضبوط انتظامات کیے جائیں تاکہ امن اور بھائی چارے کی فضا کو ہر صورت برقرار رکھا جا سکے۔ صوبائی وزیر نے زور دیا کہ سیکیورٹی ادارے مکمل چوکسی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں، شرپسند اور مشکوک عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے، اور تمام متعلقہ ادارے مربوط انداز میں کام کریں۔ سیکیورٹی اور دیگر انتظامات میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماتمی جلوسوں کے روٹس پر سڑکوں کی مرمت کا کام دن رات جاری رہ کر جلد مکمل کیا جائے۔ سیکیورٹی پر تعینات اہلکاروں کو بلٹ پروف جیکٹس اور دیگر ضروری سامان سے لیس کیا جائے، اور سی سی ٹی وی کیمرے مکمل فعال ہونے چاہئیں۔ صوبائی وزیر نے ضلعی امن کمیٹیوں کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کرنے، کلینک آن ویلز کے ذریعے دستیاب طبی سہولیات کے بارے میں عوام کو آگاہ کرنے، اور گجرات کے داخلی راستوں پر سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ عاشورہ کے دوران قیام امن کے لیے ایک جامع سیکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے، جس کے تحت مجالس اور ماتمی جلوسوں کی نگرانی کے لیے کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، جب کہ ٹریفک کو رواں رکھنے کے لیے مؤثر ٹریفک مینجمنٹ پلان بھی تیار کیا گیا ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ 1446 رضا کاروں کو سیکیورٹی، امدادی اور رہنمائی کے امور پر تربیت فراہم کی گئی ہے۔ اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ عاشورہ محرم الحرام کے دوران امن و امان اور بھائی چارے کی فضا قائم رکھنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی۔