وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ اجلاس

1

لاہور، 26 جون (اے پی پی): صوبائی وزیر قانون و تعمیرات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت محرم الحرام کے حوالے سے راولپنڈی ڈویژن میں امن و امان اور انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم آن لائن اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سی اینڈ ڈبلیو کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا، جس میں کمشنر راولپنڈی، آر پی او راولپنڈی، ڈی سی چکوال، ڈی سی مری، ڈی سی اٹک، ڈی سی جہلم، ڈی پی او چکوال، ڈی پی او مری سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران بارش کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر جلوس کے روٹس پر انتظامات پر زور دیا گیا۔

وزیر قانون نے ہدایت کی کہ جلوس کے راستوں پر نکاسی آب کے آلات موجود رکھے جائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچا جا سکے۔ راولپنڈی انتظامیہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ جلوس منتظمین کو بھی اعتماد میں لیا جا چکا ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ مقامی امن کمیٹیوں کو مکمل فعال کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔

 وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ نے ہدایت دی کہ مقررہ جلوس روٹس کی مکمل پابندی کروائی جائے اور کسی بھی خلاف ورزی کو ہرگز برداشت نہ کیا جائے۔ تمام چیک پوسٹوں پر مانیٹرنگ کو مزید مؤثر بنانے اور جلوس کے روٹس پر مکمل اسکریننگ کو یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ مزید برآں، فیک نیوز اور غلط اطلاعات کے فوری تدارک کے لیے ضلعی سطح پر فوکل پرسنز کی نامزدگی کی ہدایت بھی کی گئی۔

 وزیر قانون نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر صوبہ بھر میں محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی اور امن و امان کے انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔