وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کھیل داس کوہستانی کی اے پی پی سے خصوصی گفتگو

1

اسلام آباد، 23 جون(اے پی پی): وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کھیل داس کوہستانی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے بجٹ 2025-26 میں عام آدمی کو ریلیف دینے کی ہر ممکن کوشش کی ہے، بالخصوص کسانوں، مزدوروں اور کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج پارلیمنٹ ہاؤس میں اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کو درپیش معاشی چیلنجز کے باوجود وزیر خزانہ اور موجودہ حکومت نے جو متوازن اور حقیقت پسندانہ بجٹ پیش کیا ہے، وہ لائق تحسین ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ اگرچہ 18ویں آئینی ترمیم کے بعد اقلیتی عبادت گاہوں کی دیکھ بھال کا دائرہ اختیار صوبوں کو منتقل ہو چکا ہے،تاہم وفاقی حکومت کی سطح پر مندر، گرجا گھر اور گردواروں کی تزئین و آرائش، تعمیر نو اور حفاظت کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتی طلباء کے لیے اسکالرشپس، فلاحی فنڈز اور تعلیمی منصوبے بھی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں، تاکہ انہیں معاشی خودمختاری اور قومی دھارے میں فعال کردار ادا کرنے کے مواقع میسر آئیں۔

کھیل داس کوہستانی نے زور دیا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں اس ملک کا حصہ ہیں اور ان کے تحفظ اور فلاح کی ذمہ داری ریاست پر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ایکایسی ریاست کے علمبردار ہیں جہاں مذہب، نسل اور زبان کی بنیاد پر کوئی تفریق نہ ہو۔