وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ملک بھر میں محرم الحرام سکیورٹی پلان پراہم اجلاس

2

اسلام آباد،  26جون (اے پی پی): وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ملک بھر میں محرم الحرام سکیورٹی پلان پراہم اجلاس  منعقد ہوا۔

اجلاس میں تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں  محرم الحرام کے سکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے الیکٹرانک و سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی روک تھام کے لیے پیمرا کو واضح سفارشات ارسال کی جائیں گی، سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ایسے عناصر کو قانون کی گرفت میں لا کر سخت کاروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔محرم الحرام کے دوران امن وامان یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری انتطامی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ،انٹرنیٹ یا موبائل فون سروس کی بندش کا فیصلہ،  سکیورٹی خدشات کے تناظر میں متعلقہ  صوبوں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی  کا کہنا تھا کہ تمام ضروری اقدامات اور فیصلے باہمی مشاورت سے کئے جائیں گے،وفاق صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں قیام امن کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا،کسی کو بھی اشتعال انگیزی اور شرپسندی کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی،محرم الحرام کے دوران ضابطہ اخلاق کی سختی سے پابندی کرائی جائے گی ،جلوسوں و مجالس کی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے نگرانی کو یقینی بنایا جائے گی۔

پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کے آئی جیز پولیس اور سیکرٹریز داخلہ نے محرم الحرام سکیورٹی پلان پر بریفنگ دی۔

وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، قائم مقام چیئرمین سی ڈی اے، کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹیبلری، ڈی سی اسلام آباد، ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس، وزارت داخلہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام نےاجلاس میں شرکت کی۔تمام صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے آئی جیز پولیس، سیکرٹریز داخلہ، ڈی جیز رینجرز پنجاب ۔ ڈی جی رینجرز سندھ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام  وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔