اسلام آباد۔3جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے منگل کو کراچی پورٹ ٹرسٹ اظہار عباسی ہسپتال میں 300 کلو واٹ سولرائزیشن منصوبے کا افتتاح کیا،یہ منصوبہ 3 کروڑ 18 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے جس کا مقصد ہسپتال کی فوسل فیولز پر انحصار کم کرنا اور ماحولیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے چیلنج سے نمٹنا ہے۔افتتاحی تقریب میں کے پی ٹی ٹرسٹیز (ٹرانزیشن کمیٹی)، جنرل منیجر انجینئرنگ ریئر ایڈمرل حبیب الرحمٰن، ریئر ایڈمرل عتیق الرحمٰن (جی ایم آپریشنز)، بریگیڈیئر محمد یونس (جی ایم ایڈمنسٹریشن) سمیت وزارت اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کی اعلیٰ قیادت نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری نے تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت کے اداروں، خصوصاً ہسپتالوں میں صاف توانائی کی طرف منتقلی وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال کی سولرائزیشن نہ صرف کیماڑی میں جاری بجلی کی لوڈشیڈنگ کا حل ہے بلکہ یہ منصوبہ کاربن کے اخراج میں کمی لانے کی ایک سٹریٹجک کوشش ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فوسل فیول پر چلنے والے جنریٹرز ہر ماہ تقریباً 5,000 لیٹر ایندھن استعمال کرتے ہیں جو ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلی میں اضافہ کا باعث بنتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے منصوبے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام حکومت کی ماحولیاتی پالیسی کے مطابق ہے اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی سرکاری اداروں کو قابلِ تجدید توانائی پر منتقل کرنے کی ہدایت کا حصہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ سولرائزیشن سے سالانہ 2 کروڑ 16 لاکھ روپے کی بچت ممکن ہوگی جبکہ کاربن کے اخراج میں نمایاں کمی آئے گی، جو ماحولیاتی اور معاشی دونوں حوالوں سے فائدہ مند ہے۔ منصوبے کی عمر 25 سال ہے اور اس دوران سالانہ مرمت کی لاگت صرف 4 لاکھ 50 ہزار روپے ہوگی جس سے یہ منصوبہ انتہائی مؤثر اور ماحول دوست ثابت ہوگا۔انہوں نے زور دیا کہ اس قسم کے منصوبے نہ صرف ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں معاون ہیں بلکہ قومی خود انحصاری اور معاشی استحکام میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔گرمی کی شدت اور موجودہ ہیٹ ویوجو عالمی موسمیاتی تبدیلی کا مظہر ہے ،کے پیشِ نظر وفاقی وزیرنے پائیدار توانائی کے حل کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور دیگر سرکاری اداروں کو بھی ایسے اقدامات اپنانے کی تلقین کی۔افتتاحی تقریب کے بعدوفاقی وزیر جنید انوار چوہدری نے ہسپتال کے مختلف وارڈز کا دورہ کیا، مریضوں کی عیادت کی اور ماحول دوست اقدامات کے ذریعے صحت عامہ کے نظام کو بہتر بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔











