وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری  کی ازبکستان کے سفیر سےاہم ملاقات

22

اسلام آباد ،19 جون(اے پی پی): وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری سے آج ازبکستان کے سفیر سے ایک اہم ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں خاص طور پر بلو اکانومی، گرین شپنگ، بندرگاہی صنعت، سمندری خوراک، اور علاقائی رابطوں کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا جو بحری شعبے، بندرگاہی ترقی، اور سمندری معیشت میں عملی اقدامات کا جائزہ لے گا۔

جنید انوار چوہدری نے کہا کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ بلو اکانومی کے شعبے میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے کا خواہاں ہے، تاکہ خطے میں پائیدار ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ گوادر اور کراچی بندرگاہیں ازبکستان کو عالمی منڈیوں سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں، اور یہ کہ بحری تعاون وسطی ایشیا کے لیے نئی تجارتی راہیں کھولے گا۔ انہوں نے ازبکستان کو پاکستان کی بندرگاہی صنعت میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہا کہ سمندری خوراک میں بھی دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ منصوبوں کے امکانات موجود ہیں۔

ملاقات کے دوران ازبکستان کو پاکستان کے سڑکوں کے نیٹ ورک میں سرمایہ کاری کی تجویز بھی دی گئی، تاکہ علاقائی روابط کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ ازبک سفیر نے اس موقع پر بتایا کہ ازبک تجارتی وفد جلد کراچی بندرگاہ کا دورہ کرے گا تاکہ موجودہ مواقع کا جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے سمندری خوراک کے شعبے میں شراکت داری میں دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔