اسلام آباد، 17جون(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے مدینہ منورہ میں سرکاری اسکیم کے تحت آنے والے حجاج کرام کی رہائش گاہ کا دورہ کیا اور ان سے ملاقات کی۔ انہوں نے حجاج سے حج کے انتظامات، قیام و طعام اور دیگر سہولیات سے متعلق دریافت کیا۔
حجاج کرام نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام انتظامات بہترین اور مثالی ہیں۔ وزارت کے نمائندے، جو سبز جیکٹ پہنے پاکستانی شناخت کی علامت بنے ہوئے ہیں، نہایت خوش اخلاق، معاون اور خدمت گزار ہیں۔
حجاج نے سردار محمد یوسف کو عمدہ انتظامات پر دعائیں دی اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔ پرائیویٹ اسکیم کے تحت آنے والے حجاج کرام نے بھی سرکاری اسکیم کے انتظامات کو دیکھ کر بھرپور تعریف کی۔
آخر میں وفاقی وزیر نے تمام حجاج کرام کو حج کی مبارکباد دی اور وطن عزیز پاکستان کے لیے خصوصی دعاؤں کی درخواست کی۔