وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال کا اسلامی دنیا کے جامعات کے وائس چانسلرز کے چھٹے فورم سے خطاب

2

مراکش،23جون (اے پی پی ):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ اسلامی دنیا کو علم، تخلیق اور تہذیب کی قیادت دوبارہ حاصل کرنے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کرنا ہوں گے۔،ہم نے مستقبل کی تشکیل میں قیادت نہ کی تو ہم خود تشکیل دیے جائیں گے۔

اسلامی دنیا کے جامعات کے وائس چانسلرز کے چھٹے فورم سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ قرآن کریم نے انسان کو “اقرأ” کا حکم دے کر تحقیق، مشاہدے، غور و فکر اور سیکھنے کا راستہ دکھایا، جس نے اسلامی سنہری دور کی بنیاد رکھی ،ابن سینا، الخوارزمی، ابن الہیثم اور البیرونی جیسے مفکرین نے ایمان اور سائنس کو جدا نہیں سمجھا بلکہ علم کو اعلیٰ ترین عبادت تصور کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آج اسلامی دنیا کی آبادی 2 ارب سے زائد ہے  او ر  آج کی دنیا میں طاقت کا تعین تیل، فوج یا جغرافیہ سے نہیں بلکہ جدت، ٹیکنالوجی اور تعلیم سے ہوتا ہے۔

احسن اقبال نے ICESCO کے تحت مشترکہ تعلیمی و تحقیقی اقدامات کی تجاویز پیش کیں جن میں یونیورسٹیوں کے درمیان مشترکہ ڈگری اور پی ایچ ڈی پروگرام، تحقیقاتی سہولیات کا تبادلہ، سالانہ “اسلامی ورلڈ انوویشن سمٹ”، پانی، توانائی، صحت اور غذائی تحفظ پر بین الاقوامی تحقیق کے لیے ایک فنڈ، ڈیجیٹل تعلیم کی ترقی، اوپن ایکسس لائبریریز، اور کلاؤڈ وسائل، جبکہ مصنوعی ذہانت، بایوٹیکنالوجی، خلائی سائنسز، اسلامی مالیات و اخلاقیات جیسے شعبوں میں خصوصی مراکزِ فضیلت کے قیام کی تجویز شامل تھی۔ انہوں نے نوجوان محققین، وائس چانسلرز کی سرپرستی، اور تحقیقاتی فیلوشپس کے ذریعے ایک مشترکہ علمی پلیٹ فارم کی تشکیل پر زور دیا۔