اسلام آباد، 31 مئی ( اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فیض آباد انٹرچینج کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے
نے انٹرچینج کے اطراف ٹریفک کے بہاؤ کا تفصیلی جائزہ لیا۔وزیرداخلہ نے فیض آباد انٹر چینج ری ماڈلنگ پراجیکٹ کے آغاز سے قبل ٹریفک کا موثر مینجمنٹ پلان تیار کرنے کے لئے ہدایات دیں ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ فیض آباد انٹرچینج راولپنڈی کو وفاقی دارالحکومت سے جوڑتا ہے،اسلام آباد کا مین انٹری پوائنٹ بھی ہے-محسن نقوی کا کہنا تھا کہ یہ فیض آباد انٹرچینج اس قدر خوبصورت ہونا چاہیئے کہ عوام کو اس پوائنٹ پر پہنچتے ہی اسلام آباد میں داخلے کا احساس ہو ۔ فیض آباد انٹرچینج دیدہ زیب اور دلکش میں شاہکار ہونا چاہیئے اور فیض آباد انٹرچینج کے ساتھ متصل ایریا کو دیدہ زیب لینڈ سکیپنگ سے پرکشش گراؤنڈ میں تبدیل کیا جائے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے انٹرچینج کے چاروں طرف دیدہ زیب لائٹس نصب کرنے کی ہدایت کی۔وزیر داخلہ نے ٹریفک روانی بہتر بنانے کیلئے انٹرچینج کو مزید کھلا کرنے کی ہدایت کی۔











