وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا نیشنل سائبر کرائمز انوسٹی گیشن ایجنسی کے ہیڈکوارٹر کا دورہ

5

اسلام آباد،جون03 (اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل سائبر کرائمز انوسٹی گیشن ایجنسی کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔

 وزیر داخلہ محسن نقوی نے  ایجنسی کے  ہیلپ لائن سنٹر کا افتتاح کیا۔ عملے سے ملاقات کی اورجدت پسندی کو سراہا، انہوں نے ہیلپ لائن سنٹر کے ساتھ ساتھ فرانزک لیب۔ نیٹ ورک سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ سمیت مختلف سیکشنز کا دورہ بھی کیا۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوہے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ این سی سی آئی اے کی ہیلپ لائن مکمل فعال ہے۔شہری سائبر کرائم سے متعلق  شکایت پر 1799 پر کال کر سکتے ہیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے متعلقہ افسران کو سائبر کرائمز سے متعلق شکایات کے جلد ازالے کی ہدایت  کرتے ہوئے  کہا کہ آرٹیفشل انٹیلیجنس کے دور میں  این سی سی آئی اے جیسے اداروں کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ موجودہ جدید دور کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے این سی سی آئی اے کا  قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ سائبر کرائمز کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی، سافٹ ویئر اور ہارڈ ویئر کا مؤثر استعمال ضروری ہے۔

وزیر داخلہ نے این سی سی آئی اے ہیڈکوارٹر کی عمارت کی اپ گریڈیشن کا پلان طلب کر نے کے ساتھ ساتھ سٹاف کی کمی پورا کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت  کی اور این سی سی آئی اے کے نئے لوگو اور جھنڈے کی  منظوری بھی دی۔

انہوں نے  این سی سی آئی اے کے تحت نیشنل سائبر سکاؤٹس پروگرام کو دوبارہ بحال کرنے کی منظوری دی اور کہا کہ اس پروگرام کے تحت سکولوں اور کالجوں کے طلباء و طالبات کو سائبر کرائم سے متعلق آگاہی اور تربیت فراہم کی جائے گی۔

ڈائریکٹر جنرل این سی سی آئی اے وقار الدین سید نے ادارے کے امور پر وفاقی وزیر داخلہ کو بریفنگ دی۔