کوئٹہ۔ 12 جون (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے سینیٹر احمد خان خلجی کے ہمراہ ریلوے سٹیشن کوئٹہ کا تفصیلی دورہ کیا اور پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کے مسافروں سے گھل مل گئے اور ان کے مسائل دریافت کئے ۔ڈی ایس کوئٹہ ڈویژن عمران حیات خان نے وفاقی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی ۔وفاقی وزیر نے کوئٹہ ریلوے سٹیشن میں نئے نصب شدہ 29 جدید سی سی ٹی وی کیمروں کا کنٹرول روم اور ریلوے آفیسر کلب میں جم سینٹر کا افتتاح کیا ۔اس موقع پر محمد حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ریلوے مسافروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے ۔ وفاقی وزیر نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر بزنس کلاس ویٹنگ روم کو عام مسافروں کے لئے بھی استعمال کرنے کے احکامات جاری کئے. محمد حنیف عباسی نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر عمدہ انتظامات کرنے پر ڈی ایس ریلوے عمران حیات خان اور ان کی پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ۔وفاقی وزیر نے مچھ میں دہشت گردی واقعہ میں شہید کانسٹیبل فیصل کی والدہ کو پچاس لاکھ روپے کا چیک بھی پیش کیا۔