اسلام آباد، 20 جون (اےپی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد کے مابین جمعہ کے روز ایک اہم ملاقات ہوئی جس میں بی آئی ایس پی کے جاری پروگراموں اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گفتگو کے دوران بے نظیر نشوونما پروگرام، بے نظیر تعلیمی وظیفے، اور بے نظیر کفالت پروگرام کی کارکردگی اور رسائی کے پہلوؤں پر گفتگو کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے ان پروگراموں کی افادیت کو مزید بہتر بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا۔
ملاقات میں بے نظیر ہنر مند پروگرام کو خصوصی اہمیت دی گئی، جس کا مقصد ملک کے نوجوانوں کو فنی اور تکنیکی مہارتوں سے لیس کر کے انہیں خود کفیل بنانا ہے۔ وفاقی وزیر نے اس پروگرام کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ بے نظیر ہنر مند پروگرام نوجوانوں کے لیے امید کی کرن ہے اور ہنر کی تعلیم پائیدار ترقی و تخفیفِ غربت کا مؤثر ذریعہ ہے۔
وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ نے بی آئی ایس پی کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد اور سیکریٹری عامر علی کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کی موجودہ قیادت نے اس پروگرام کی ساکھ کو مزید مضبوط کیا ہے۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے بی آئی ایس پی کے دائرہ کار کو ملک بھر میں مزید وسعت دینے اور باہمی تعاون کو مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔