وفاقی وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات سے ازبکستان کے سفیر کی ملاقات،رہائشی اور کمیونل ترقی میں تعاون پر گفتگو

29

اسلام آباد، 24 جون( اے پی پی): وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ و تعمیرات، میاں ریاض حسین پیرزادہ سے جمہوریہ ازبکستان کے پاکستان میں سفیر نے  وزارتِ ہاؤسنگ و تعمیرات  میں ملاقات کی ہے۔

ملاقات کے دوران دونوں شخصیات کے مابین رہائش، کمیونل ترقی، اور پائیدار شہری ترقی کے شعبوں میں تعاون کے ممکنہ امکانات پر گفتگو ہوئی۔

وفاقی وزیر نے  ازبکستان کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی معیشت کو سراہتے ہوئے باہمی تعاون کے وسیع امکانات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے پاکستان میں رہائشی ضروریات میں اضافے اور پانی کی بڑھتی ہوئی قلت کے پس منظر  پائیدار اور جدید حل اپنانے کی اہمیت پر زور دیا، جن میں ری سائیکلنگ، گرین کنسٹرکشن اور وسائل کی مؤثر شہری ترقیاتی حکمتِ عملی شامل ہیں۔

سفیر نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور مذہبی تعلقات کو اجاگر کیا اور شہری ترقی کے میدان میں ازبکستان کے تجربات کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ فروری 2025 میں تاشقند میں ہونے والی ملاقاتوں کا ایک اہم نتیجہ ہاؤسنگ اور کمیونل سروسز کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ کا قیام تھا۔

 انہوں نے رہائشی ترقی، واٹر ری سائیکلنگ، گرین ہاؤسنگ اور سماجی انفراسٹرکچر کے شعبوں میں تربیتی اور صلاحیت سازی کے پروگراموں میں تعاون کی پیشکش کی۔

سفیر نے بارش کے پانی کو محفوظ کرنے، اسمارٹ اور گرین ہاؤسنگ، بلند عمارتوں کی تعمیر اور کم آمدنی والے افراد کے لیے سستی رہائش جیسے ماڈلز اور تجربات پاکستان کے ساتھ شیئر کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے پبلک پروکیورمنٹ، قانونی اور ادارہ جاتی اصلاحات، اور تعمیراتی رجحانات پر پالیسی پر تعاون اور بہترین تجربات کے تبادلے کی تجویز بھی دی، اور کہا کہ ازبکستان ان شعبوں میں اپنا تکنیکی تجربہ پاکستان کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

دونوں فریقین نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ طویل عرصے سے قائم سفارتی تعلقات کو اقتصادی اور صنعتی شراکت داری میں تبدیل کیا جائے گا۔