پاکستان کی جانب سے لیبیا میں پائیدار امن کے لیے عالمی حمایت اور روابط بڑھانے پر زور

9

‎نیویارک، 25 جون (اے پی پی): پاکستان نے لیبیا کی عوام سے یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے عالمی برادری، اقوام متحدہ، علاقائی تنظیموں اور متعلقہ ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ لیبیا میں پائیدار امن اور قومی یکجہتی کو یقینی بنایا جا سکے۔

‎اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں لیبیا میں اقوام متحدہ کے معاون مشن  پر بریفنگ کے دوران قومی بیان دیتے ہوئے، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب،سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ اگرچہ طرابلس میں جنگ بندی برقرار ہے، لیکن سیکیورٹی کی صورتحال اب بھی نازک ہے۔

‎انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام لیبیائی فریقین پر زور دیتا ہے کہ وہ جامع قومی مکالمے کا آغاز کریں جبکہ صدارتی کونسل کے تحت قائم جنگ بندی کمیٹی کا خیرمقدم کرتا ہے۔ انہوں نے سیاسی مفاہمت اور ادارہ جاتی اتحاد کے لیے ٹائم لائنز طے کرنے کی ضرورت پر زور دیا، اور اقوام متحدہ کے نمائندہ خصوصی کی جانب سے سلامتی کونسل کو روڈ میپ پیش کرنے کے ارادے کی حمایت کی۔ انہوں نے متفقہ قومی بجٹ پر جلد اتفاق کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ بیرون ملک لیبیا کے منجمد اثاثوں کو محفوظ بنایا جائے اور بعد ازاں صرف لیبیائی عوام کے فائدے کے لیے استعمال کیا جائے۔

‎سفیر عاصم نے لیبیا کی سیاسی و سیکیورٹی صورتحال میں حالیہ مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ‎انہوں نے 20 جون 2025 کو برلن میں لیبیا سے متعلق بین الاقوامی فالو اپ کمیٹی  کے اجلاس کے انعقاد کو بھی خوش آئند قرار دیا۔

‎انہوں نے سیکرٹری جنرل کی نمائندہ خصوصی  ہنّا ٹیٹے کی جانب سے لیبیا میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے فعال اور جامع حکمت عملی کو سراہا۔

‎اس موقع پر پاکستان نے ایک بار پھر لیبیا کی خودمختاری،علاقائی سالمیت اور لیبیا کی قیادت میں چلنے والے سیاسی عمل کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔