لاہور، 26 جون (اے پی پی): پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اور واسا لاہور نے پری مون سون سیزن کے دوران شہر میں مؤثر نکاسی آب کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کر لی ہے۔ اس سلسلے میں سیف سٹی کیمروں کے ذریعے بارش کے بعد شہر بھر کی نگرانی کا عمل جاری ہے۔
سیف سٹیز اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق، بارش کے دوران نشیبی علاقوں کی خصوصی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ پانی جمع ہونے کی صورت میں فوری نکاسی آب کا بندوبست کیا جا سکے۔ سیف سٹی کیمروں سے حاصل شدہ تصاویر اور ویڈیوز واسا حکام کو بروقت فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ فوری کارروائی کر سکیں۔ ترجمان نے بتایا کہ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے شہر میں پانی کھڑا ہونے والے مقامات اور سیوریج کے مسائل کی نشاندہی کا عمل مسلسل جاری ہے۔ واسا حکام سیف سٹی کی اطلاع پر متعلقہ علاقوں میں نکاسی آب کے لیے متحرک ہیں۔ اس ضمن میں واسا کے نمائندگان 24 گھنٹے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ساتھ رابطے میں رہتے ہوئے فرائض سرانجام دے رہے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔
سیف سٹیز اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران احتیاط برتیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوراً ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کریں۔