پنجاب حکومت اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان مالیاتی تعاون پر اتفاق، زراعت، ٹرانسپورٹ اور ماحولیات کے شعبوں میں جدید اقدامات پر پیش رفت

14

لاہور، 21 جون (اے پی پی): سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سے ایشیائی ترقیاتی بینک  کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں مختلف شعبہ جات میں ترقیاتی اقدامات پر مالیاتی تعاون پر اتفاق رائے کیا گیا۔ ملاقات میں پنجاب میں زراعت میں جدید مشینری کے استعمال، عوام کے لیے ماحول دوست جدید ٹرانسپورٹ کے نظام کے آغاز، اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے جدید آبزرویٹری کے قیام پر گفتگو کی گئی۔ ملاقات کے دوران پاکستان کے لیے “نیو کنٹری پارٹنرشپ اسٹریٹجی” پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں اسٹریٹجک گروتھ چیلنجز، شفاف ترقیاتی عمل، برآمدات و سرمایہ کاری میں اضافے، جدید تجارتی نظام کے قیام، اور عوامی سرمائے کے درست استعمال پر بھی بات چیت ہوئی۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوامی فلاح و بہبود اور صوبے کی ترقی کے لیے ایک تاریخی بجٹ پیش کیا ہے، جس میں صحت، تعلیم، ہنر سکھانے اور زندگی کے معیار کو بہتر بنانے کے ریکارڈ منصوبے شامل کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرگودھا میں امراضِ قلب اور لاہور میں نواز شریف کینسر اسپتال قائم کیے جا رہے ہیں، جبکہ صحتِ عامہ کی بہتری کے لیے 911 نئی اسکیمیں، کلینک آن ویلز، ماں اور بچے کی صحت کے منصوبے، اور نئی اوپی ڈیز بھی شامل کی گئی ہیں۔ مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ زراعت، صنعت، ماہی گیری، ڈیمز، اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ٹیکنالوجی اور جدت کا جامع عمل جاری ہے۔ پہلی بار حکومت پنجاب عوام کی ضروریات اور وسائل کی درست منصوبہ بندی کے لیے سوشل اکنامک رجسٹری تشکیل دے رہی ہے۔ ماحولیاتی تحفظ کے لیے پنجاب میں ریکارڈ اقدامات کیے گئے ہیں، اور ہر شعبے کو ماحول دوست بنانے کے لیے انقلابی پالیسیوں پر عمل ہو رہا ہے۔ الیکٹرک بسوں کے آغاز سے ماحولیاتی آلودگی میں نمایاں کمی لائی جا رہی ہے۔ ملاقات کے اختتام پر ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ترقیاتی ویژن اور فلاحی اقدامات کی تعریف کی اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔