چیئرمین سی ڈی ، آئی جی اسلام آباد پولیس کی زیر صدارت اجلاس منعقد

12

اسلام آباد،6جون  (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا نے انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی کے ہمراہ اسلام آباد سیف سٹی ہیڈکوارٹرز   میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر اسلام آباد شہر میں  سیکورٹی کے فول پروف انتظامات ، ٹریفک مینجمنٹ اور قربانی کی آلائشوں و صفائی و ستھرائی کے حوالے سے سی ڈی اے، ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کی جانب سے مشترکہ اور جامع پلان آف ایکشن کو حتمی شکل دی گئی۔  اس کے ساتھ سیف سٹی میں مانیٹرنگ کے لئے مشترکہ کنٹرول روم قائم  اور اس کو فعال کر دیا گیا ہے ۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ  اسلام آباد سیف سٹی کا نظام  پورے دارالحکومت کے سیکورٹی و گورننس میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لاتے ہوئے اسلام آباد شہر میں سیکیورٹی، ٹریفک اور صفائی کے نظام کو مزید موثر بنانےکی مشترکہ کاوشوں پر زور دیتے ہوئے تمام اداروں کے درمیان باہمی رابطہ اور تعاون کو مزید بڑھانے کی ہدایت کی تاکہ تمام ادارے موثر کوارڈینیشن کے زریعے عید الضحی کے موقع پر شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔اجلاس میں اسلام آباد پولیس کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر کئے جانے والے خصوصی سیکورٹی اور ٹریفک کے انتظامات پر تفصیلی بریفننگ دی گئی۔     چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر قبرستانوں کی صفائی ستھرائی اور  سکیورٹی کے انتظامات پر بھی خصوصی توجہ دی جائے تاکہ شہریوں کو اپنے پیاروں کی قبروں پر حاضری اور فاتحہ خوانی کے وقت مکمل سکیورٹی کی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔    عید الاضحیٰ کے موقع پر سی ڈی اے انتظامیہ نے بھی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قربانی کی آلائشوں کو گھر کے باہر رکھیں جہاں سے سی ڈی اے کا عملہ اٹھا لے گا یا دوسری صورت میں سی ڈی اے کی ہیلپ لائن پر اطلاع دیں –