چیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت اجلاس، شہریوں کیلئے سفری سہولیات کو مزید بہتر سمیت اضافہ کرنے کے حوالے سے بریفننگ

3

 

اسلام آباد، 31 مئی ( اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اہم اجلاس منعقد ہوا-اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے کو فیڈر الیکٹرک بسوں کے آپریشنز اور اسلام آباد کے شہریوں کیلئے سفری سہولیات کو مزید بہتر اور اضافہ کرنے کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ دی گئی-چیئرمین سی ڈی اے نے تمام الیکٹرک بسوں کے روٹس، اسٹیشنوں اور آمدورفت کی معلومات گوگل میپ پر فراہم کرنے کے ساتھ اس کی مؤثر تشہیر کرنے کی ہدایت کی تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ماحول دوست اور ائر کنڈیشنز سفری سہولیات فراہم کی جاسکیں جبکہ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو گھر بیٹھے ہی الیکٹرک بسوں سے متعلق مکمل معلومات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنے سفر کے حوالے سے بہترین منصوبہ بندی کرسکیں-

چیئرمین سی ڈی اے  نے کہا کہ گاکل میپ پر تمام بسیں واضح رنگوں اور اسٹاپس کی تفصیلات کے ساتھ نظر آنی چاہئیں تاکہ مسافروں کیلئے ان بسوں کے روٹس اور آمد کے ٹائمز کا تعین کرنے میں آسانی  ہو-انہوں نے کہا کہ مسافروں کیلئے ماسٹر، ویزہ اور دیگر کارڈ کے ذریعے بھی کرایہ کی ادائیگی کو ممکن بنایا جائے اور اس سلسلے میں متعلقہ بینکوں کے ساتھ بات چیت کی جائے-محمد علی رندھاوا  نے الیکٹرک بسوں کے مسافروں کیلئے خصوصی پیکجز متعارف کرانے پر بھی زور دیا اور ہدایت کی کہ روزانہ سفر کرنے والے مسافروں کیلئے خصوصی ڈسکاؤنٹ کارڈز متعارف کروائے جائیں جبکہ ڈسکاونٹ کارڈز ہفتہ وار، پندرہ روزہ، ماہانہ اور سہ ماہی بنیادوں پر جاری کئے جائیں تاکہ مسافروں کو نمایاں رعایت دینے کے علاوہ الیکٹرک بسوں کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جاسکے-چیئرمین سی ڈی اے  نے کہا کہ روزانہ سفر کرنے والے نوکری پیشہ افراد، طلباء اور سنئیر سیٹیزنز کیلئے بھی خصوصی پیکج متعارف کیا جائے تاکہ وہ کم قیمت پر ماحول دوست معیاری ائرکنڈیشنز ٹرانسپورٹ سروس سے فائدہ اٹھا سکیں-چیئرمین سی ڈی اے کو بریفننگ  میں بتایا گیا کہ الیکٹرک بسوں کا منصوبہ کامیابی سے جاری ہے جس میں اب تک تخمینہ سے زائد تقریباً پچانوے ہزار تک کی رائیڈر شپ حاصل ہو چکی ہے-

 چیئرمین سی ڈی اے  نے کہا کہ الیکٹرک بس سروس کا معیار مزید بہتر بنانے کے خواہاں ہیں،اسے بین الاقوامی معیارات کے مطابق بڑھانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے- اس سروس کو جدید ترین ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی بہترین طریقوں کے مطابق ترقی دینے کی ضرورت ہے تاکہ مسافروں کو مزید آرام اور سہولت میسر آسکیں چیئرمین سی ڈی اے  نے کہا کہ سی ڈی اے شہریوں کو ایک بہترین، محفوظ اور جدید ٹرانسپورٹ سسٹم فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے-