اسلام آباد، 18 جون) اے پی پی): چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد اور وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل چوہدری سالک حسین کے مابین آج ملاقات کی، جس میں بی آئی ایس پی کے ذیلی منصوبے “بینظیر ہنرمند پروگرام” اور مستحق افراد کو بیرونِ ملک ملازمت کے مواقع فراہم کرنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بی آئی ایس پی مستحق خواتین اور ان کے گھرانوں کے افراد کو بینظیر ہنرمند پروگرام کے ذریعے بااختیار بنانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام نہ صرف مقامی بلکہ بین الاقوامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف مالی معاونت کافی نہیں، اب بی آئی ایس پی خود کفالت کے مواقع بھی فراہم کرے گا۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے بینظیر ہنرمند پروگرام کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ تربیت کے دوران عالمی منڈی کی ضروریات کے مطابق ہنر سکھائے جائیں گے۔ انہوں نے وزارت کی جانب سے پروگرام کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات میں اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن اور مختلف ریکروٹمنٹ ایجنٹس کو پروگرام سے منسلک کرنے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ بی آئی ایس پی اور وزارت اوورسیز کے درمیان فوکل پرسنز کی تقرری کا فیصلہ بھی کیا گیا۔