ملتان ، 09 جولائی (اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد سیدہ حمیرا شاہ نے بدھ کے روز تحصیل ہیڈکوارٹرہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور عملے، بالخصوص میڈیکل آفیسرز کی حاضری چیک کی۔
معائنے کے دوران متعدد میڈیکل آفیسرز کی جانب سے بائیومیٹرک حاضری نہ لگانے کا انکشاف ہوا، جس پر اسسٹنٹ کمشنر نے شدید عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے واضح ہدایات جاری کیں کہ تمام اسٹاف کی بائیومیٹرک حاضری کو یقینی بنایا جائے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی عملے کی بروقت موجودگی سے مشروط ہے، اس لیے ڈسپلن اور حاضری کے نظام میں کسی بھی قسم کی غفلت ناقابل قبول ہے۔