اسلام آباد، 05 جولائی ( اے پی پی): ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں جلوس اور مجالس کے حوالے سے تمام تر انتظامات مکمل ہیں، آج نو محرم الحرام کے مرکزی جلوس کا آغاز ہو چکا ہے جس کی تیاریاں کئی مہینے پہلے کردی گئی تھیں ۔ڈی آئی جی اسلام آباد جواد طارق کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صفائی کے حوالے سے سینیٹشن سٹاف کی اضافی تعیناتی کی جاتی ہے، بارش کے پانی کے حوالے سے نکاسی آب کا مکمل انتظام کیا گیا اور رات کو ہونے والی بارش کی فی الفور نکاسی آب مکمل کی گئی۔انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے پہلی دفعہ موبائل کنٹرول روم بھی بنایا گیا،سٹریٹ لائٹس کے حوالے سے روٹ پر تمام مسائل کو بروقت حل کیا گیا۔
ڈی آئی جی اسلام آباد جواد طارق نے کہا کہ آج یہاں 5 ہزار سے زائد اسلام آباد پولیس اور رینجرز کی یہاں تعیناتی ہے، تمام گلیوں اور روٹس کو ملٹی پل لئیرز کے ذریعے چیک کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ روف ٹاپس کے اوپر سی ٹی ڈی کے کمانڈرز تعینات کیے گئے ہیں،اس جگہ کے علاوہ باہر کے مقامات پر بھی پیٹرولنگ کی جا رہی ہے۔
جواد طارق نے کہا کہ مانیٹرنگ کے عمل میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے، باڈی کیمز کی مدد سے بھی مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے۔