اسلام آباد میں 8 محرم الحرام کا روایتی جلوسِ ذوالجناح نکالا گیا

2

اسلام آباد، 4 جولائی )اے پی پی):محرم الحرام کے سلسلے میں اسلام آباد میں 8 محرم کا روایتی جلوسِ ذوالجناح آج بروز جمعہ نکالا گیا۔ جلوس دوپہر 2 بجے جامعہ المرتضیٰ، جی نائن فور، نزد پشاور موڑ سے برآمد ہوا، جو مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا کراچی کمپنی کے قریب اختتام پذیر ہوا۔

جلوس کے دوران شام 5 بجے محمدی چوک، نزد کراچی کمپنی میں مجلسِ عزا منعقد ہوئی، جس میں مقررین نے شہادتِ امام حسینؑ اور فلسفۂ حسینیت پر اظہار خیال کیا۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جلوس کے پُرامن انعقاد کے لیے سکیورٹی، ٹریفک اور دیگر شہری سہولیات کے مؤثر انتظامات کیے گئے تھے۔ پولیس اور سکیورٹی اداروں نے جلوس کے تمام روٹس پر نگرانی کا عمل انجام دیا، جبکہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے متبادل راستے فراہم کیے گئے۔

محرم الحرام کے جلوس ملک کی مذہبی و ثقافتی روایات کا حصہ ہیں، جن میں عوام بڑی عقیدت اور نظم و ضبط کے ساتھ شرکت کرتے ہیں۔ انتظامیہ نے شہریوں کے تعاون اور پُرامن ماحول کے قیام پر اطمینان کا اظہار کیا۔