اسلام آباد، 7 جولائی (اے پی پی):نورپور شاہاں، اسلام آباد سے گیارہویں محرم الحرام کا خصوصی جلوس آج عقیدت و احترام کے ساتھ برآمد کیا گیا، جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا بری امام کے مزار پر اختتام پذیر ہوا۔
جلوس کا آغاز نورپور شاہاں امام بارگاہ سے ہوا اور دربار بازار روڈ سمیت مختلف راستوں سے گزرتا ہوا مقررہ مقام پر پہنچا۔ جلوس میں عزاداران کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جنہوں نے ذکر شہداء کربلا کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
جلوس کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ پولیس، رینجرز اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکاروں نے جلوس کے راستے پر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ٹریفک کی روانی اور عزاداران کی سہولت کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے تھے۔