اسلام آباد و راولپنڈی میں صاف پانی کی فراہمی کیلئے وزیرِ اعظم نے ٹاسک فورس قائم کر دی

18

اسلام آباد، 17 جولائی  (اے پی پی): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد و ملحقہ علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی کے نظام پر جائزہ اجلاس جمعرات کو یہاں اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں وزیرِ داخلہ سید محسن رضا نقوی، میاں محمد معین وٹو اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم نے اسلام آباد و راولپنڈی کے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی، موجودہ ذخائر کی سیوریج کے پانی سے آلودگی روکنے اور مختلف ڈیمز سے اسلام آباد کو پانی کی فراہمی کیلئے مربوط نظام کے قیام کے سلسلے میں ٹاسک فورس تشکیل دینے کا فیصلہ کیا۔

 ٹاسک فورس کی سربراہی وزیرِ داخلہ سید محسن رضا نقوی کریں گے جس میں سی ڈی اے، واپڈا، اریگیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان شامل ہوں گے۔

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ بارش کے پانی سے زیر زمین ذخیرہ آب کو ری چارج کرنے کیلئے سی ڈی اے جامع لائحہ عمل پیش کرے، روال ڈیم سے ملحقہ آبادیوں اور نالوں میں گرنے والے سیوریج کے پانی سے ڈیم کی آلودگی روکنے کیلئے مربوط نظام بنایا جائے، غیر قانونی و کچی آبادیوں سے نکلنے والے سیوریج کے لئے واٹر ٹریٹمنٹ کا نظام جلد قائم کیا جائے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ اسلام آباد کو روال، تربیلا اور خانپور ڈیم سے متفقہ طور پر منظور شدہ پانی کی فراہمی کیلئے سپلائی سسٹم قائم کیا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں  نئے مجوزہ ڈیمز اور ان سے جڑے واٹر سپلائی سسٹمز کی تجاویز بھی پیش کی گئیں۔

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ تربیلا، خانپور و دیگر ڈیمز سے اسلام آباد کیلئے منظور شدہ پانی کو گھروں تک پہنچانے کیلئے واٹر سپلائی کا نظام جلد قائم کیا جائے اور اسلام آباد و ملحقہ علاقوں کیلئے واٹر بورڈ کی تشکیل کو جلد حتمی شکل دی جائے۔

اجلاس کو مجوزہ واٹر بورڈ کے قیام اور اس کی ذمہ داریوں پر بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ بورڈ پانی کے موجودہ و آئندہ ذخائر، گھروں تک فراہمی، اسٹیک ہولڈرز میں تقسیم اور دیگر متعلقہ امور کا انتظام سنبھالے گا۔

اجلاس میں سی ڈی اے کی جانب سے کچی آبادیوں کے سیوریج سے متعلق آلودگی کے تدارک کیلئے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔