اسکاٹ لینڈ-پاکستان اسکالرشپ پروگرام کی 10 سالہ کارکردگی پر اسلام آباد میں خصوصی تقریب، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان کی شرکت

35

اسلام آباد، 29 جولائی )اے پی پی): اسکاٹ لینڈ-پاکستان اسکالرشپ فار ینگ ویمن اینڈ گرلز پروگرام کی دس سالہ کامیاب تکمیل کے موقع پر اسلام آباد میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک بھر سے تعلق رکھنے والی محروم طبقے کی لڑکیوں کو فراہم کیے گئے تعلیمی مواقع کو سراہا گیا۔

تقریب میں چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام  رانا مشہود احمد خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں نوجوانوں کی تعلیم، تربیت، خودمختاری اور روزگار کے فروغ کے لیے جاری حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں اس وقت 26 ہزار سے زائد لڑکیاں مختلف حکومتی تربیتی پروگراموں سے استفادہ کر رہی ہیں، جبکہ “ویمن آن وہیلز” جیسے اقدامات نے خواتین کو نقل و حرکت اور معاشی خودمختاری کے قابل بنایا ہے۔

اس موقع پر انہوں نے پاکستان کی پہلی قومی ایڈولیسنٹ اور یوتھ پالیسی پر پیش رفت کا بھی ذکر کیا، جو نوجوانوں کی عمری تقسیم کے مطابق (10–15، 15–19، 19–29 سال) ان کے مسائل اور ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تشکیل دی جا رہی ہے۔ اس پالیسی کی تیاری میں تین لاکھ سے زائد نوجوانوں کی رائے کو شامل کیا گیا ہے۔

چیئرمین PMYP نے “ڈیجیٹل یوتھ ہب” (DYH) کا بھی تعارف کرایا، جو کہ 26 مارچ 2025 کو لانچ کیا گیا اور اب تک 16 لاکھ سے زائد بار ڈاؤن لوڈ ہو چکا ہے جبکہ 5 لاکھ سے زائد نوجوان اس پر رجسٹر ہو چکے ہیں۔ یہ پلیٹ فارم اسکالرشپ، قرضہ جات، آن لائن تربیت، اور روزگار کے مواقع کے لیے ایک جامع حل فراہم کر رہا ہے۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ DYH پلیٹ فارم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے تعلیمی و پیشہ ورانہ مستقبل کو بہتر بنائیں۔تقریب کے اختتام پر اسکاٹش حکومت اور برٹش کونسل کے تعاون کو سراہا گیا، جنہوں نے پاکستان میں خواتین کی تعلیم و خودمختاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔