اسلام آباد، 04جولائی (اے پی پی): ایران و عراق جانے والے زائرین کے ایشوز کے حل کیلئے قائم خصوصی ٹاسک فورس کا اجلاس وزیر اعظم کی ہدایت پر منعقد ہوا۔اجلاس میں زائرین کی سہولت و سکیورٹی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے اور ایران اور عراق جانے والے زائرین کے لیے پروازوں کی تعداد مزید بڑھانے پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں سول ایوی ایشن کی طرف سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایران کیلئے ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 6 سے بڑھا کر 15 کر دی گئی جبکہ اربعین پر عراق کے لئے 107 خصوصی پروازوں کا انتظام کیا گیا ہےمستقبل میں زائرین کو مزید بہتر سفری سہولتوں کی فراہمی کے لیے فیری سروس کا بھی آغاز کیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ عاشورہ کے بعد اربعین کے لئے سکیورٹی صورتحال کا از سر نو جائزہ لے کر زائرین کے زمینی راستے سے سفر سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا موجودہ صورتحال کے پیش نظر زائرین کو کسی بھی قسم کی مشکل یا پریشانی سے محفوظ رکھنا ترجیح ہےاور کہا کہ زائرین کی حفاظت سب سے زیادہ عزیز ہے۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اگلے سال یکم جنوری سے زائرین گروپ آرگنائزرز کا نیا سسٹم لاگو ہو گا جبکہ سالار سسٹم کو مکمل طور منقطع کر دیا جائے گااور زائرین صرف گروپ آرگنائزرز سسٹم کے تحت زیارات کیلئے جا سکیں گے،زائرین گروپ آرگنائزرز کے رجسٹریشن کے لیے اب تک 1413 درخواستیں موصول ہوئی ہیں، درخواستوں کی جانچ پڑتال اور سکروٹنی کا عمل جاری ہے
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ ایف آئی اے اور متعلقہ ادارے زائرین کی آڑ میں عراق جانے والے غیر قانونی افراد کو روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائیں۔
چیئرمین ٹاسک فورس وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز چوہدری سالک حسین اور وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی سول ایوی ایشن سمیت دیگر افسران نے بذریعہ زوم اجلاس میں شرکت کی۔